بسم الله الذي لا يضر مع اسمه شيء في الارض ولا في السماء وهو السميع العليم ما شاء الله منگل 02 / جون / 2020,

Instagram

غامدی صاحب کے جھوٹ در جھوٹ. کیا ایک جھوٹے آدمی سے دین لیا جاسکتا ہے؟

07 May 2017
غامدی صاحب کے جھوٹ در جھوٹ. کیا ایک جھوٹے آدمی سے دین لیا جاسکتا ہے؟

پروفیسر سید خالد جامعی

غامدی صاحب نے دسویں جماعت میں دارالعلوم الاشراق قائم کردیا :غامدی،مقامات ،ص ۳۸
دسویں جماعت کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور میں پانچ سال پڑھتا رہا:غامدی، مقامات،،ص۲۵
۱۹۶۷ء میں چھٹی یا ساتویں جماعت کا طالب علم تھا: غامدی ، مقامات، ص ۴۷
۱۹۷۰ء میں میں نے دارالاشراق اکیڈیمی قائم کردی تھی: غامدی، مقامات، ص ۳۸
۱۹۷۳ء میں لاہور میں دارالاشراق اکیڈیمی قائم کی گئی:غامدی، مقامات، ص ۳۵
۱۹۷۰ء میں قائم دارالاشراق کے طلباء اور ۱۹۷۳ء میں قائم کیے گئے دارالاشراق کے طلباء کے نام بھی ایک جیسے ہیں:غامدی ،مقامات،ص۳۵،۴۰
۱۹۷۳ء میں دائرۃ الفکر کا نام بدل کر ہم نے دارالاشراق رکھ دیا:غامدی ،مقالات،ص۳۵
۱۹۷۶ء میں چوہدری الیاس کی دعوت پر لا ہور سے منڈی مرید کے منتقل ہوا :غامدی، مقامات، ص ۳۶
منڈی مرید کے میں ۱۹۷۰ء میں دارالاشرق اکیڈیمی قائم کی جو اپریل ۱۹۷۸ء تک کام کرتی رہی:غامدی، مقامات،ص۳۸
سیّد خالد جامعی
غامدی صاحب کی پوری زندگی تضادات، تناقضات، اشکالات اور تفردات کا مجموعہ ہے ۱۹۷۳ء میں جماعت اسلامی میں شمولیت اور پھر اس سے رخصت کے بعد انہوں نے جو راستہ اختیار کیا وہ تشکیک ، عقلیت پرستی اور مغرب پرستی سے عبارت ہے اپنی علمیت کا رعب قائم کرنے کا انہیں شروع سے شوق رہا ہے لہٰذا اس شوق کے لیے وہ سچ کو قربان کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔ ان کی کتاب ’’مقامات‘ ‘ ان کے تکبر، تملق ،۔ تفرد اور کذب بیانی کا شاہکار ہے ہر سطر جھوٹ سے معمور اور ہر بیان کذب سے آراستہ ہے وہ اپنی علمیت کا سحرا اپنی طلاقت لسانی سے اس طرح قائم کردیتے ہیں کہ ان کے جھوٹ پر بھی سچ کا گمان ہوتا ہے ان کا مطالعہ نہایت محدود ہے مگر وہ اپنی چرب زبانی سے اپنے وسیع مطالعے کا لوہا منوالیتے ہیں وہ لاہور کے علمی حلقو ں میں شریک ہوتے رہے لہٰذا ان سنہری علمی مجالس کے نکات ان کا علمی رعب قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ایسے لفاظ ہر معاشرے میں ہوتے ہیں فرانس کے مشہور محقق Pierre Bayards نے ایسے ہی نام نہاد مفکرین محققین کی علمیت کے راز فاش کرنے کے لیے عجیب و غریب کتاب لکھی ہے :How to talk about books you haven't Read یقیناً اس محقق نے اس فن پر لکھنے کے لیے غامدی صاحب سے ضرور استفادہ کیا ہوگا۔
ذیل ہم میں ان کی کتاب ’’مقامات‘‘ میں درج ان کے جھوٹ، کذب ، افتراء پر مبنی خیالات کا جائزہ پیش کررہے ہیں ان کی تحریروں کے اقتباسات ان کے جھوٹ کا پردہ چاک کرنے کے لیے کافی ہیں۔
۱۹۶۷ء میں چھٹی یا ساتویں جماعت کا طالب علم تھا: غامدی
(۱۹۸۷ء میں) آج سے کم و بیش بیس سال پہلے (۱۹۶۷ء میں) اسی شہر کے ایک مدرسے میں ، میں چھٹی یا ساتویں جماعت کا طالب تھا۔ مدرسہ کی تعلیم کے ساتھ درس نظامی کی کتابیں بھی اس وقت تک میں نے غالباً ’’کافیہ‘‘ اور ’’شرح جامی‘‘ تک پڑھ لی تھیں۔ شہرستان علم کے دروا ہو چکے تھے اور میں اب کوچہ و بازار کی سیر دیکھنے کے لیے ہر روز عصر کے بعد شہر کی میونسپل لائبریری جاتا تھا۔ میرا گھر مضافات میں تھا۔ میں وہاں سے چل کر روزانہ پیدل لائبریری پہنچتا(غامدی،مقامات،۲۰۱۴ء، ص۴۷)
نومبر ۱۹۷۰ء میں دارالاشراق اکیڈیمی مرید کے میں قائم کردی:غامدی
یہ اکیڈیمی دین کا علم حاصل کرنے والوں کے لیے قائم کی گئی:غامدی
حضرت والا ۱۹۶۷ء میں چھٹی یا ساتویں جماعت کے طالب علم تھے تو یقیناً۱۹۷۰ء میں وہ یقیناً نویں یا دسویں جماعت کے طالب علم ہوں گے۔لیکن اس کم عمری میں ہی انہو ں نے منڈی مرید کے میں دارالعلوم (اسلامی مدرسہ) قائم کردیا تھا مقامات میں لکھتے ہیں:
نومبر ۱۹۷۰ء میں وہ اکیڈیمی وجود میں آئی جو ’’دارالاشراق‘‘ کے نام سے لاہور سے ۲۶ کلو میٹر دور مرید کے کی بستی میں اپریل ۱۹۷۸ء تک باقاعدگی سے کام کرتی رہی اور اب کئی ماہ سے معطل ہے۔ میرے کچھ رفقاء برسوں کی جدوجہد کے بعد گھروں کو لوٹ چکے ہیں کچھ لوٹ جائیں گے۔یہ بات شروع ہی سے میرے سامنے تھی کہ یہ کوئی جزو قتی کام نہیں ہے۔اس کے لیے آنے والوں کو(طالب علموں کو ) شب و روز کے لیے آنا ہوگا اور ساری زندگی کے لیے ( دین کی خدمت کے لیے)آنا ہوگا۔ مجھے معلوم تھا کہ جو لوگ اس میں اپنا سب کچھ کھپا دینے کے لیے (یعنی عالم بننے کے لیے) آئیں گے ان کی کفالت کی ذمہ داری بالآخر اس ادارے کو اٹھانا ہوگی ۔ یہی وجہ ہے کہ ابتداء ہی سے میں نے یہ کام دو جہتوں سے شروع کیا۔ مردان کار کی تلاش اور وسائل کی فراہمی کی جدوجہد میں نے ایک ہی وقت میں شروع کی[غامدی مقامات ،۲۰۱۴ء،ص ۳۸۔۳۹]
کیا عقلاً یہ ممکن ہے کہ نویں یا دسویں جماعت کا طالب علم ایک دینی مدرسہ قائم کردے یہ صرف جھوٹ ہے اس کے سوا کچھ نہیں واضح رہے کہ غامدی صاحب ۱۹۷۳ء تک گورنمنٹ کالج لاہور کے طالب علم رہے لہٰذا منڈی مرید کے میں دارالاشراق اکیڈیمی کا قیام جھوٹ کے سوا کچھ نہیں تفصیلات کے لیے مقامات صفحہ ۲۲ تا ۲۵ کا مطالعہ کیجیے۔
دسویں کا امتحان دینے کے بعد گورنمنٹ کالج لاہور میں داخلہ لیا:غامدی
گورنمنٹ کالج لاہور میں پانچ برس تک تعلیم حاصل کی:غامدی
لاہور میں صبح سے رات تک وہ دن عیش میں بسر ہوئے:غامدی
غامدی صاحب کے بیان کے مطابق ۱۹۶۷ء میں وہ چھٹی یا ساتویں جماعت کے طالب علم تھے لہٰذا یقیناً وہ ۱۹۷۰ء میں یا نویں جماعت میں تھے یا دسویں جماعت میں۔ پھر لکھتے ہیں کہ ۱۹۷۰ء میں انہوں نے منڈی مرید کے میں دارالاشراق اکیڈیمی قائم کردی جو اپریل ۱۹۷۸ء تک چلتی رہی(:غامدی، مقامات، ۲۰۱۴ء، ص ۳۸) اس بیان کے بعد مقامات میں خود لکھتے ہیں:
(۱)دسویں کے بعد میں لاہور کے گورنمنٹ کالج میں داخل ہوا۔(غامدی، مقامات،۲۰۱۴ء،ص ۲۳)

(۲)میں گورنمنٹ کالج میں کم و بیش پانچ برس رہا۔(غامدی، مقامات، ۲۰۱۴ء ،ص ۲۵)

یعنی حضرت والا میٹرک کے بعد پانچ سال تک گورنمنٹ کالج میں رہے یعنی ۱۹۷۰ء سے ۱۹۷۵ء تک لاہور میں پڑھتے رہے تو ۱۹۷۰ء سے ۱۹۷۸ء تک منڈی مرید کے میں دارالاشراق اکیڈیمی کیسے چلاتے رہے؟ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے۔
کیا غامدی صاحب صبح لاہور میں شام منڈی مرید کے میں ہوتے تھے؟
ممکن ہے غامدی صاحب کہیں صبح گورنمنٹ کالج میں پڑھتا تھا اور شام کو منڈی مرید کے میں اپنے طلباء کو پڑھاتا تھا مگر یہ بھی جھوٹ ہے کیوں کہ مقامات میں لکھتے ہیں
میں گورنمنٹ کالج میں پانچ برس رہا میرا معمول تھا کہ صبح گھر سے نکلتا کالج کے اسباق میں شامل ہوتا پھر شام تک کسی لائبریری میں بیٹھا رہتا یا لائبریری سے اٹھ کر ان بزرگوں کی صحبت میں پہنچ جاتا تھا فیروز سنز بھی جاتا اور گھنٹوں کتابیں دیکھتا رہتا تھا۔ کالج کے شب و روز اسی عیش میں گزر گئے (غامدی ،مقامات،۲۰۱۴ء ، ص۲۵)
حضرت والا کے بیان کے مطابق۔ عزت مآب غامدی صاحب میٹرک کے بعد پانچ سال تک صبح سے رات لاہور میں عیش کررہے تھے تو وہ منڈی مرید کے کی اکیڈیمی دارالاشراق میں کب پڑھاتے تھے جھوٹ کی انتہا ہوتی ہے یہ جھوٹ مقامات میں حضرت والا نے اپنے قلم سے لکھا ہے اور اس امت کا حال یہ ہے کہ ہمارے پڑھے لکھے لوگوں کو یہ جھوٹ نظر نہیں آرہا اورایسا جھوٹا شخص خود کو عالم کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کررہا ہے اور عمار ناصر، حسن الیاس جیسے ذہین لوگ اس جھوٹے شخص کے علم کے قصیدے ہمیں سنا رہے ہیں!
اور بتارہے ہیں کہ اس صدی نے ان جیسا جھوٹا مجتہد پیدا نہیں کیا!
۱۹۷۱ء میں ہم دارالعلوم الحمراء قائم کرنا چاہتے تھے:غامدی
ہم نے اپنے رسالے کا نام الحمراء رکھا:غامدی
(۱۹۷۱ء میں) ہم جو دارالعلوم قائم کرنا چاہتے تھے اس کا نام ہم نے جامعہ الحمراء تجویز کیا تھا اس کی رعایت سے الحمراء کے نام سے ایک مجلہ شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا(غامدی مقامات ۲۰۱۴ء ،ص ۳۲)
سوال یہ ہے کہ غامدی صاحب نے جب ۱۹۷۰ء میں منڈی مرید کے میں دارالاشراق کے نام سے دارالعلوم قائم کردیا تو اب الحمراء کے نام سے نیا دارالعلوم لاہور میں کیوں قائم کررہے ہیں؟دونوں بیانات Oxymoron ہیں اور غامدی صاحب کے جھوٹ کا ثبوت بھی ہیں۔
۱۹۷۳ء میں دائرہ الفکر کا نام بدل کر دارالاشراق رکھ دیا:غامدی
دارالاشراق لاہور میں کئی طالب علم اس سے متعلق ہوگئے:غامدی
غامدی صاحب لکھتے ہیں:
دیڑھ دو برس تک تدریس کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ اب کافی لوگ ہمارے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار تھے۔ لہٰذاسید بدر بخاری کی امارت میں تحریک کا باقاعدہ نظم قائم کردیا گیا۔مارچ ۱۹۷۳ء میں ہم نے دائرۃ الفکر سے ایک مجلہ اشراق کے نام سے چھاپا۔ ہمارا خیال تھا کہ ڈیکلریشن مل جائے گا تو اسے ایک باقاعدہ رسالے کی صورت دے دیں گے اور اس کے ذریعے سے اپنی بات لو گوں تک پہنچائیں گے۔اس کے بعد کئی مہینے تک ہم لوگ منتشر رہے۔ ادارہ بھی معطل رہا خدا خدا کرکے گارڈن ٹاون احمد بلاک میں ایک مکان ملا۔ دوست جمع ہوئے سازو سامان درست کیا گیا اور پڑھنے پڑھانے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔
ہمارے بعض دوستوں کو دائرۃ الفکر کا نام پسند نہیں تھا۔ چنانچہ اس کی جگہ ادارے کے لیے دارالاشراق کا نام اختیار کیا گیا ۔ ابتداء میں جو طالب علم اس سے متعلق ہوئے تھے ان میں سے میں اورساجد علی ہی باقی تھے۔ شیخ افضال احمد مستنصر میر، چودھری الیاس احمد اور چودھری محمد رفیق نئے رفقاء تھے۔(غامدی، مقامات، ۲۰۱۴ء،ص ۳۴۔۳۵)
پہلے فرمایا کہ ۱۹۷۰ء میں منڈی مرید کے میں دارالاشراق قائم کردیا جو ۱۹۷۸ء تک کام کرتا رہا (غامدی مقامات،۲۰۱۴ء) ۔اب فرمار ہے ہیں کہ ۱۹۷۳ء میں دائرۃ الفکر کا نام بدل کر دارالاشراق رکھا جھوٹے کا جھوٹ خود سامنے آگیا کیا ایک ثابت شدہ، مصدقہ جھوٹے سے دین لیا جاسکتا ہے؟
منڈی مرید کے کی ۱۹۷۰ء کی دارالاشراق اکیڈیمی کے طلباء بھی وہی تھے
۱۹۷۳ء میں لاہور کے دارالاشراق کے طلباء بھی وہی تھے
اوپر آپ نے پڑھ لیا کہ لاہور کے دارالاشراق میں ۱۹۷۳ء میں شیخ افضال ساجد علی چوہدری الیاس چودھری رفیق پڑھ رہے تھے (مقامات ص ۳۵) مگر اسی مقامات کے صفحہ چالیس پر ۱۹۷۰ء کی دارالاشراق اکیڈیمی کے طلباء بھی یہی تھے مقامات میں لکھتے ہیں
نومبر ۱۹۷۰ء میں دارالاشراق اکیڈیمی مرید کے میں وجود میں آئی جو اپریل ۱۹۷۸ء تک کام کرتی رہی۔یہ کام کب شروع ہوا عرض کرچکا ہوں ۔ ابتداء مشکل تھی ہوگئی تو احباب وقتاً فوقتاً اس کام سے متعلق ہوتے رہے۔ یہاں تک کہ ۱۹۷۵ء میں ان کی تعداد سات تک پہنچ گئی۔ ان میں افضال احمد صاحب اور محمد اشرف صاحب نے معاشیات ، ساجد علی صاحب نے فلسفہ، الیاس احمد صاحب نے سیاسیات، محمد رفیق صاحب نے عربی اور مستنصر میر صاحب نے انگریزی میں ایم اے تک تعلیم حاصل کی تھی۔ منصو ر الحمید صاحب ایم بی بی ایس تھے۔[غامدی ، مقامات، ۲۰۱۴ء ص ۳۸،۴۰]
غامدی صاحب کا جھوٹ واضح ہے دو الگ شہروں کے دو الگ الگ اداروں کے طالب علم ایک ہی کیسے ہوسکتے ہیں۔ دارالاشراق مرید کے میں جو طلباء ۱۹۷۰ء سے ۱۹۷۸ء تک پڑھ رہے تھے اور وہ طلباء جو دارالاشراق لاہور میں ۱۹۷۳ء سے ۱۹۷۶ء تک پڑھ رہے تھے وہ ایک کیسے ہوسکتے ہیں واضح رہے کہ غامدی صاحب جماعت اسلامی سے نکلنے کے بعد ۱۹۷۶ء سے لاہور سے چلے گئے تھے۔
۱۹۷۶ء میں منڈی مرید کے میں چودھری الیاس کی دعوت پر گئے: غامدی
۱۹۷۰ء میں منڈی مرید کے میں دارالاشراق اکیڈیمی قائم کی گئی: غامدی
غامدی صاحب ۱۹۷۳ء سے ۱۹۷۶ء تک جماعت اسلامی کے رکن رہے مولانا مودودی کی جانب سے رہائش کے لیے ایک عمارت بھی دی گئی تھی ۔غامدی صاحب لکھتے ہیں کہ مولانا مودودی نے میرے نام سے اکاؤنٹ کھولا اپنی جیب سے ایک ہزار روپے ماہانہ جمع کرانے شروع کردیے مولانا کی دی ہوئی عمارت ۱۔ ذیلدار پارک اچھرہ میں میں منتقل ہوگیا (غامدی، مقامات، ۲۰۱۴ء، ص ۳۵) ۱۹۷۶ء میں وہ جماعت اسلای سے الگ ہوئے تو وہ عمارت خالی کرالی گئی لہٰذاغامدی صاحب لاہور سے مرید کے منتقل ہوگئے لکھتے ہیں
مولانا مودودی سے اجازت چاہی چودھری الیاس کی دعوت پر لاہور کے قریب ایک گاؤں مرید کے میں منتقل ہونے کا فیصلہ کیا ۱۹۷۶ء کے آخر میں ہم یہاں پہنچے :غامدی مقامات ۲۰۱۴ء ص ۳۶
اس سے پہلے مقامات میں صفحہ ۳۸ پر لکھ چکے ہیں
نومبر ۱۹۷۰ء میں دارالاشراق کے نام سے مرید کے کی بستی میں میں نے اکیڈیمی قائم کی جو اپریل ۱۹۷۸ء تک چلتی رہی :غامدی مقامات،۲۰۱۴ء، ص ۳۸
اگر اکیڈیمی منڈی مرید کے میں ۱۹۷۰ء سے قائم تھی اور ۱۹۷۸ء تک وہ کام کررہی تھی تو جماعت اسلامی کی جانب سے عمارت خالی کرانے کے بعد حضرت کو یہ کیوں سوچنا پڑا کہ اب ہم کہاں جائیں اگر غامدی صاحب کی اکیڈیمی مرید کے میں ۱۹۷۰ء سے واقعتاً وجود رکھتی تھی تو چوہدری الیاس کو کیوں دعوت دینا پڑی کہ آئیے منڈی مرید کے چلتے ہیں۔
غامدی صاحب ۱۹۷۳ء میں جماعت کے کارکن بنانے کے بعد جماعت اسلامی کے امیر مولانا مودودی کے گھر کے بالکل سامنے رہتے تھے یہ گھر جماعت اسلامی نے انھیں دیا تھا۔ یہ وی گھر تھا جہاں امین احسن اصلاحی ۱۹۷۵ء میں غامدی صاحب سے ملنے تشریف لائے [مقامات غامدی ۲۰۱۴ء ص ۸۸]
سوال یہ ہے کہ اگر منڈی مرید کے میں غامدی صاحب کی اکیڈیمی ۱۹۷۰ء سے کام کررہی تھی تو غامدی صاحب جماعت اسلامی کا گھر چھوڑتے ہی مرید کے اپنی اکیڈیمی کیوں نہیں چلے گئے اس کا مطلب یہ ہے کہ ۱۹۷۰ء میں جب وہ میٹرک میں تھے مرید کے میں کوئی اکیڈیمی نہیں تھی اگر ہوتی تو غامدی صاحب اپنی اکیڈیمی کی عمارت میں منتقل ہوجاتے ۔غامدی صاحب کا یہ بیان بھی Oxymoron ہے۔
امام زہری ایک سوال کے تین مختلف جوابات دیتے تھے:غامدی
امام زہری جیسے غیر مصدقہ راوی سے روایت نہیں لی جاسکتی
غامدی صاحب نے میزان میں امام زہری کو ایک جھوٹا، کاذب، مدلس راوی قرار دیتے ہوئے ان کی تمام روایات مسترد کردیں۔ اس استرداد کی عقلی دلیل انہوں نے یہ دی ہے کہ ’’زہری کے بہت سے تضادات سامنے آتے تھے ہم میں سے وئی جب ان سے لکھ کر دریافت کرتا تو علم و عقل میں فضیلت کے باوجود ایک ہی چیز کے متعلق ان کا جواب تین طرح کا ہوا کرتا تھا جن میں سے ہر ایک دوسرے کا نقیض Oxymoron ہوتا۔(غامدی، میزان، ۲۰۱۵ء، ص ۳۱)
ایک ایسا راوی جو ایک سوال کے تین مختلف جواب دے اس سے کوئی روایت نہیں لی جاسکتی تو ایک ایسا شخص (مراد جاوید غامدی صاحب ہیں) جو کسی سوال کے بجائے اپنی ذات اپنی تعلیم اپنی عمر اپنے کام کے بارے میں ایک ہی بات کے تین مختلف جواب دے جو ایک دوسرے کا نقیض Oxymoron ہوں تو ایسے راوی سے دین کیسے لیا جاسکتا ہے؟ اصل سوال یہی ہے۔
غامدی صاحب اپنی عمر ، اپنی تعلیم، اپنے کام کے بارے میں تین چار قسم کے مختلف اور متناقض جوابات بیانات دے رہے ہوں تو ایس راوی سے دین کیسے لیا جاسکتا ہے؟
اپنے اصول اور اجتہاد کی خلاف ورزی ضمیر کے ساتھ خیانت ہے :غامدی
غامدی صاحب نے امام زہری کے لیے جو اصول وضع کیا ہے اس کا اطلاق ان کے اصول کے تحت ان پر بھی ہوتا ہے کیوں کہ میزان میں وہ لکھ چے ہیں کہ مجتہد اپنے اجتہاد سے انحراف نہیں کرسکتا اس کی خلاف ورزی اس کے لیے جائز نہیں قرآن نے اسے ضمیر کے ساتھ خیانت سے تعبیر کیا ہے۔(غامدی، میزان، ۲۰۱۵ء،ص ۳۶۶)
اس اصول کے تحت غامدی صاحب خیانت مجرمانہ کے بھی مرتکب ہوئے ہیں کیا کسی خائن اور مجرم سے اور مدلس کاذب راوی سے دین لیا جاسکتا ہے؟

Your Comment